روس میں نجی فوجی کمپنی ویگنر گروپ کے سربراہ یووگنی پری گوژن کا روستوف کے فوجی ہیڈکوارٹر پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے۔روس میں نجی باغی فوجی کمپنی ویگنر گروپ کے سربراہ یووگنی پری گوژن نے روستوف کے فوجی ہیڈکوارٹر پر قبضےکا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ فوجی ہیڈکوراٹر پر قبضے کے لیے ہمیں ایک بھی گولی نہیں چلانی پڑی۔
یووگنی پری گوژن کا دعویٰ ہے کہ ویگنر گروپ کو روسی عوام کی حمایت حاصل ہے۔نجی فوجی کمپنی ویگنر گروپ کی مسلح بغاوت کے معاملے پر روس کی فارن انٹیلی جنس ایجنسی ایس وی آر کے سربراہ سرگئی ناریشکن کا کہنا ہے کہ روسی معاشرے کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی ہے۔
سرگئی ناریشکن کا یہ بھی کہنا ہے کہ روس میں خانہ جنگی کرانےکی کوشش ناکام ہو گئی ہے۔
روس میں نجی فوجی کمپنی ویگنر گروپ کی بغاوت کے معاملے پر قطر اور ایران نے تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ امریکا کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر اتحادیوں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔
قطری وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روس میں درپیش صورت حال پر گہری تشویش ہے، روس میں فریقین زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں، روس کی صورت حال کے اثرات توانائی اور خوراک کی فراہمی پر اثر انداز ہوں گے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے روس کی صورت حال پر جاری بیان میں کہا کہ روس میں قانون کی عملداری کی حمایت کرتے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے روس میں مسلح بغاوت کے معاملے پر ردعمل میں کہا کہ روس کی صورت حال پر جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ اور یورپی یونین حکام سےتبادلہ خیال کیا، روس میں ہونے والی پیشرفت پر اتحادیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
روس کے اتحادی بیلاروس کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ بیلاروس روس کا قریبی اتحادی ہے، روس میں مسلح بغاوت مغرب کا تحفہ ہے، روس میں بغاوت کی کوشش تباہی کا سبب بنےگی۔
ادھر روس نے مسلح بغاوت پر اکسانے کے الزام میں ویگنر گروپ کے سربراہ یوو گنی پری گوژن کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے ہیں جبکہ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے قوم سے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم عوام کی بقا اور تحفظ کی جنگ لڑ رہے ہیں، تمام تفرقات کو ختم کر دینا چاہیے۔
پیوٹن نے کہا کہ ویگنر نے غداری کی اور ہماری پیٹھ میں چھراگھونپا ہے، ویگنرگروپ ہیرو ہے جس نے ڈونباس کوآزادکرایا، اب ہمارا ردعمل سخت ہوگا اور روستوف میں اقدامات کریں گے، ویگنرز مجرمانہ کارروائی میں حصہ لینا بندکریں۔
Comments are closed.