اسلام آباد(زور آور نیوز)بشری بی بی نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی حالت زار پر سپریم کورٹ میں بیان حلفی جمع کرا دیا۔سابق وزیراعظم کی اہلیہ بشری بی بی نے بیان حلفی میں کہا ہے کہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے، شوہر کا وزن بھی کم ہوگیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی خراب حالت کا سپریم کورٹ فوری نوٹس لے۔
سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے بیان حلفی میں بشری بی بی کا کہنا تھا کہ کئی مشکلات اور مسائل کے بعد 22 اگست کو اٹک جیل میں ملاقات کی اجازت ملی۔بیان حلفی میں بشری بی بی نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے بازوں کے پٹھے بھی بہت کمزور ہو چکے ہیں جو 70 سال کی عمر میں خطرناک ہے، اس سے جان کو خطرہ لاحق ہے۔سپریم کورٹ میں بشری بی بی کی جانب سے بیان حلفی حامد خان ایڈووکیٹ نے جمع کرایا، بشری بی بی کا بیان حلفی سویلین کے فوجی ٹرائل کے خلاف درخواستوں کے کیس میں جمع کرایا گیا ہے۔یاد رہے کہ 5 اگست 2023 کو ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو تین برس قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی جس کے بعد انہیں لاہور سے گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔
Comments are closed.