پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کی سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد حفیظ سے ملاقات ہوئی جس کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر کو پی سی بی کے نئے سیٹ اپ میں اہم ذمہ داریاں ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں محمد حفیظ نے ذکا اشرف کو چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی بننے پر مبارکباد دی اور محمد حفیظ کا کہنا تھا ذکا اشرف اچھے ایڈمنسٹریٹر ہیں، ان کی دل سے عزت کرتا ہوں۔محمد حفیظ کا کہنا تھا پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے اچھی پیشکش آئی تو ضرور قبول کروں گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے محمد حفیظ کو چیف سلیکٹر کے عہدے کی پیشکش کر دی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر یونس خان اور سلیم یوسف کو بھی سلیکشن کمیٹی میں ذمہ داریاں ملنے کا امکان ہے جبکہ محسن حسن خان کو بھی سلیکشن کمیٹی میں ذمہ داری مل سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق محمد حفیظ اور ذکا اشرف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پی سی بی کے نئے سیٹ اپ میں سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کو شامل کرنے پر بھی بات ہوئی ہے۔یاد رہے کہ ذکا اشرف نے گزشتہ روز ہی چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں اور ابتدائی طور پر ان کی تقرری 4 ماہ کے لیے ہوئی ہے۔
Comments are closed.