لاہور(بیورورپورٹ )چینی کی قیمت میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے، اوپن مارکیٹ میں چینی 140 روپے سے 150 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگی۔آٹے کے ساتھ چینی بھی عوام کی پہنچ سے دور ہوگئی، اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت 140 سے 150 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، ہول سیل مارکیٹ میں چینی کا 50 کلو والا تھیلا 6750 روپے کا ہوگیا، تھوک میں چینی 135 روپے فی کلو میں فروخت کی جا رہی ہے۔اوپن مارکیٹ میں چینی مہنگی ہے تو یوٹیلیٹی سٹورز پر بھی سستی چینی نایاب ہو کر رہ گئی ہے، یوٹیلٹی سٹورز پر سبسڈائزڈ چینی کی قیمت 91 روپے کلو مقرر کی گئی ہے لیکن سپلائی مکمل طور پر معطل ہو چکی ہے، شہر بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر سستی چینی گزشتہ ایک ماہ سے غائب ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ غریب کہاں جائے؟ اوپن مارکیٹ میں چینی مہنگی ہے یوٹیلیٹی سٹوروں پر مل نہیں رہی، سبسڈی دی ہے تو خدارا چینی اور آٹے کی سپلائی بھی کی جائے۔یوٹیلیٹی سٹورز پر سستی چینی کی مسلسل عدم دستیابی کے باعث شہری چینی مافیا کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور ہیں۔
Comments are closed.