بجلی کے زائد بلوں کی وجہ سے تاجر دکانوں کا کرایہ دینے سے قاصر ہیں۔ احمد خان
مہنگائی نے نہ صرف عوام کی کمر توڑ دی ہے بلکہ کاروبار بھی تباہ کر دیئے ہیں۔ خالد اقبال ملک
ایف ٹین مرکز کی ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا دورہ
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے عوام سمیت تاجر برادری شدید پریشان ہے اور بجلی بلوں کے خلاف عوام سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو گئے ہیں لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت تاجروں کو معاشی بحران سے بچانے کیلئے بجلی بلوں پر عائد تمام ٹیکس ختم کرے تا کہ عوام اور تاجروں کو کچھ ریلیف ملے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت بجلی کے بل پر سیلز ٹیکس، الیکٹریسٹی ڈیوٹی، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ، فنانسنگ کاسٹ سرچارج اور ٹی وی فیس سمیت متعدد ٹیکس عائد ہیں اور ان ٹیکسوں کا بجلی کے بل میں حصہ تیس فیصد سے زائد ہے جو عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ پانچ سالوں میں بجلی کی قیمت میں 90فیصد سے زائد اضافہ ہو گیا ہے جبکہ مہنگائی کے طوفان نے عوام کی قوت خرید بہت کم کر دی اور کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ گئی ہیں۔ان حالات میں تاجر پہلے ہی مشکلات کا شکار تھے اور اب بجلی بلوں نے ان کو مالی بحران سے دوچار کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر اس صورتحال کا نوٹس لے اور بجلی بلوں میں لگائے گئے ٹیکس ختم کرے۔ انہوں نے کہا کہ گردشی قرضوں سمیت توانائی شعبے کے مسائل کو حل کرنے کیلئے فوری اصلاحات کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹریڈرز ویلفیئرایسوسی ایشن، ایف ٹین مرکز کے صدر احمد خان کی قیادت میں چیمبر کا دورہ کرنے والے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن، ایف ٹین مرکز کے صدر احمد خان اور سیکرٹری جنرل محمد نعیم اقبال نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی بلوں میں بے جا اضافے کی وجہ سے تاجروں کیلئے اب دکانوں کے کرایے دینا مشکل ہو گیا ہے جس وجہ سے تاجر بہت پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اگر بجلی کی قیمتوں میں مناسب کمی نہ کی تو بہت سے تاجر وں کا کاروبار بند ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایف ٹین مرکز میں سڑکوں کی کارپٹنگ، فٹ پاتھوں کی مرمت اور پرانی سیوریج لائنوں کی تبدیلی سمیت دیگر ترقیاتی کام کرنے کی ضرورت ہے اور کہا کہ جس طرح احسن ظفر بختاوری سی ڈی اے کے ساتھ مل کر مارکیٹوں کے مسائل حل کرا رہے ہیں امید ہے ایف ٹین مرکز میں بھی جلد ترقیاتی کام کرائیں جائیں گے۔
چیمبر کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے کہا کہ مہنگائی کے طوفان نے نہ صرف عوام کی کمر توڑ دی ہے بلکہ خریداری کم ہونے اور بجلی، گیس، پانی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے کاروبار بھی تباہ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کو ڈالر میں ادائیگیوں کی وجہ سے بجلی مزید مہنگی ہوتی جا رہی ہے اوپر سے حکومت نے بجلی بلوں میں کئی طرح کے ٹیکس عائد کئے ہوئے ہیں جو بلا جواز ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر تاجر برادری کے ساتھ مشاورت کر کے توانائی کی قیمتوں کو مناسب سطح پر لانے کی کوشش کرے تا کہ عوام اور تاجر وں کو مزید مسائل سے بچایا جا سکے۔
چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ ایف ٹین مرکز اسلام آباد کا ایک اہم کاروباری مرکز ہے لہذا سی ڈی اے اس کو جدید خطوط پر ترقی دینے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کے صدر احسن بختاوری دن رات تاجروں کی خدمت کیلئے کوشاں ہیں اور ان کی کوششوں سے سی ڈی اے سے متعلقہ تاجروں کے کئی مسائل حل ہو رہے ہیں جبکہ باقی بھی جلد حل ہو جائیں گے۔
آل پاکستان انجمن تاجراں کے صدر اجمل بلوچ نے کہا کہ پورے ملک کے تاجر رہنما بجلی بلوں کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے مشاورت کر رہے ہیں اور اگر حکومت نے اس مسئلے کو جلد حل نہ کیا تو ملک گیر احتجاجی تحریک چلائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 2021-22میں بجلی بلوں پر عائد سیلز ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکسوں کی مد میں صارفین سے 230ارب روپے سے زائد اکھٹا کیا ہے جو عوام کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری افسروں اور واپڈا ملازمین کو مفت بجلی کی فراہمی فوری ختم کر کے اور ٹیکسوں کا خاتمہ کر کے عوام اور تاجروں کو ریلیف دیا جائے۔
چیمبر کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی، ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن ایف ٹین مرکز کے چیئرمین طاہر عباسی، شریک چیئرمین امان اللہ چیمہ، سرپرست اعلیٰ میاں مقبول، سینئر نائب صدر طارق مغل،خالد چوہدری، مقصود تابش، ظہیر عباس، چوہدری رضوان اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ کاروبار کو مزید تباہی سے بچانے کیلئے بجلی کی قیمتوں پر فوری نظرثانی کی جائے۔
Comments are closed.