بھیک کیلئے شیرخواربچوں کااستعمال اوراستحصال رو کاجائے

Dr.Shoukat-Virk

بھیک کیلئے شیرخواربچوں کااستعمال اوراستحصال رو کاجائے:شوکت ورک

مستحقین کی مدد کے معاملے میں زکوٰۃ تک محدود نہ رہیں بلکہ صدقات وعطیات کریں

لاہور(زورآور نیوز) ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کے بانی ٹرسٹی و جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شوکت بابر ورک نے کہا ہے کہ نادار ومفلسین اور مستحقین کی مدد کے
معاملے میں ثروتمند افراد زکوٰۃ تک محدود نہ رہیں بلکہ اس سلسلہ میں صدقات وعطیات کو بھی فروغ دیاجائے۔ان محرکات اور اسباب کاسدباب کیاجائے جومسلمانوں سے ان کی خودداری چھین کرانہیں بھکاری بنارہے ہیں۔ لاہور سمیت مختلف شہروں میں بھیک کیلئے شیرخواربچوں کااستعمال اوراستحصال روکاجائے۔وہ ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ ڈاکٹر شوکت بابر ورک نے مزید کہا کہ یہ اسلامی معاشرے کا چہرہ نہیں جوپیش کیا جارہا ہے، پیشہ ورBegging کیخلاف سخت ایکشن لیاجائے۔ مختلف شاہراہوں پراورچوراہوں میں گاڑیوں کے بے ہنگم شور کے دوران خواتین معصوم بچوں کوگود میں اٹھائے یاسخت اور گرم زمین پرلٹائے بھیک مانگتی نظرآتی ہیں،پیشہ وربھکاریوں کی یہ مجرمانہ روش شیرخوار بچوں پربدترین ظلم کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیشہ وربھکاریوں کیخلاف کریک ڈاؤن کرنے کے سوا دوسراکوئی آپشن نہیں۔بچوں کافائدہ اٹھاتے ہوئے ا ن سے بھیک منگوانا ہرگزقابل برداشت نہیں، اس کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔انہوں نے کہا کہ شیرخواربچوں کو بھیک کیلئے استعمال کرنا جبکہ کمسن بچوں سے خیرات منگوانا جبری مشقت سے بھی بدتر ہے۔ سکیورٹی فورسز اورمتعلقہ انتظامی اداروں کی ناک کے نیچے بچوں کوبھکاری بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان بچوں کے روشن مستقبل کیلئے ان کاتعلیمی اداروں میں ایڈمشن یقینی بناناہوگا۔ ہمارے بچے ہماراروشن مستقبل ہیں، ہماری ریاست ان کی تعلیم وتربیت کے سلسلہ میں مجرمانہ غفلت کی متحمل نہیں ہوسکتی۔

Comments are closed.