اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کے نتیجے میں دیوار گرنے کے واقعات میں بچی سمیت 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش ہوئی ، تھانہ نون کے علاقے پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب دیوار گرگئی جس کے نیچے دب کر 11افراد جاں بحق ہوگئے ۔پولیس ذرائع کاکہنا ہے فوری طور پر ریسکیو ٹیموں کو جائے وقوعہ پر پہنچا دیا گیاہے جبکہ امدادی ٹیموں نے لاشیں نکال کر ہسپتال منتقل کر دیں، ریسکیو کی جانب سے مزید آپریشن جاری ہے ۔پولیس کے مطابق ایک اور واقعہ تھانہ کھنہ کے علاقے محمد ٹان میں پیش آیا جہاں دیوار گرنے سے 11 سالہ بچی بھی جاں بحق ہوگئی۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد راولپنڈی میں موسلادھار بارش کی وجہ گولڑہ موڑ، پشاور روڈ پر دیوار گرنے سے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہارکیا ہے۔وزیراعظم نے مرحومین کیلئے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ، وزیر اعظم نے بارش کے سبب انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ۔نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے بھی گولڑہ موڑ کے قریب دیوار گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے ۔دوسری جانب راولپنڈی اسلام آباد میں رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ، راولپنڈی کے علاقہ گوالمنڈی کے مقام پر نالہ لئی کی سطح 15 فٹ سے اوپر ہو گئی، نالہ لئی میں سیلابی کیفیت کے پیش نظر خطرے کے سائرن بجادئیے گئے جبکہ نشیبی علاقوں سے شہریوں کی نقل مکانی شروع کردی گئی ہے ۔پاک فوج سمیت تمام اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے ، کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہیکہ رین ایمرجنسی کے پیش نظر پاک فوج کے دستوں کو نالہ لئی پر تعینات کردیا گیا ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ موجود رہے گی۔
ڈی سی کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز ، میجسٹریٹس ، ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، سی ڈی اے اور ریسکیو ایم سی آئی کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ، تاحال ای الیون ، جی نائن ، ایچ 13، آئی9 ،ایف سیون اور جی سیون کی کچی آبادی کے نالوں میں پانی کی سطح کنٹرول میں ہے ، ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو اور ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈی واٹر سیٹس کیساتھ ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں ۔ چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان نے کہا ہیکہ راولپنڈی میں بارش کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے انتظامات مکمل ہیں، ٹریفک عملے کو بارش کے دوران ڈرائیوروں کی مدد کو یقینی بنانیکی ہدایات کی گئی ہیں۔چیف ٹریفک آفیسر مری نے بھی عملے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لفٹرز اور بریک ڈاونز پیٹرولنگ حالت میں رہیں، شہریوں اور سیاحوں کو ہر ممکنہ مدد فراہم کریں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں 138 ملی میڑ جبکہ راولپنڈی میں 188 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ مری اور گلیات میں مون سون کی طوفانی بارش کا نیااسپیل شروع ہوگیا ، موسلادھار بارش نے جہاں جل تھل ایک کر دیا ہے ، محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ 23 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے ۔آزاد کشمیر میں بھی مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، مظفرآباد اور گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوارتو ہوا لیکن سڑکیں تالاب کامنظر پیش کرنے لگی ہیں ، مظفرآبادکے دریاں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ، بارشوں کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں بھی بارش کی پیش گوئی کردی ، کراچی میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں موسم جزوی ابرآلود رہے گا، جبکہ رات اور دن میں بوندا باندی کا امکان ہے۔ شہر میں جمعرات سے مون سون کا دوسرا سسٹم انٹری دے گا، جس کے باعث 20 سے 22 جولائی تک شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب، کشمیر، خطہ پوٹھوہار میں بھی مزید بارش کا امکان ہے جبکہ شمال /مشرقی بلو چستان اور خیبر پختونخوا میں تیز ہواوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش بھی متوقع ہے ۔
Trending
- منڈی بہاوالدین سب انسپکٹر رضا الہی کی زبردست کاروائی
- فون کالز ریکارڈنگ کا معاملہ
- اسلام آباد میں رندھاوا سپیڈیں
- امریکہ کی بھارت سے ایک بار پھر جواب طلبی
- کے پی میں رواں سال 1400 سے زائد آپریشنز میں 124 دہشتگردوں کو ہلاک کیا: سی ٹی ڈی
- سمندر میں تیرتی بوتل میں موجود مواد کو شراب سمجھ کر پینے سے 4 ماہی گیر ہلاک
- پنجاب میں نیا ٹوکن ٹیکس نافذ کردیا گیا
- غریب خواتین کی نازیبہ ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرنے والے گروہ…
- ‘واجبات جمع کرائیں۔ ورنہ جائیدادوں کی الاٹمنٹ منسوخ’
- بجلی کی قیمتوں میں اضافہ پر ملک بھر میں احتجاج
Comments are closed.