راول ڈیم میں پانی کی سطح مقررہ گنجائش سے تجاوز کرنے کے باعث ڈیم کے اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔راول ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 1752 فٹ ہے تاہم مقامی انتظامیہ کا بتانا ہے کہ راول ڈیم میں پانی کی سطح 1749.65 فٹ پر پہنچ گئی ہے۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راول ڈیم کے اسپل ویز آج شام 4 بجے کھولے جائیں گے جو رات 9 بجے تک کھلے رہیں گے تاکہ ڈیم میں پانی کی سطح کو منیج کیا جا سکے۔
انتظامیہ کے مطابق راول ڈیم کے اسپل ویز کھولنے سے قبل تمام اداروں اور قریبی آبادیوں کو مطلع کر دیا گیا ہے اور پیشگی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام رسپانس یونٹس، محکموں، مانیٹرنگ کیمپوں اور ریلیف کیمپوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپل ویز کھلے رہنے کے دوران پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی دریائے کورنگ کے کنارے تعینات کیا جائے گا تاکہ دفعہ 144 کے نفاذ اور خلاف ورزی کرنے والے اور دریائے کورنگ میں داخل ہونے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے۔
مقامی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس دوران ندی نالوں کو پار کرنے اور دریائے کورنگ میں جانے سے گریز کریں اور حفاظت پر مامور انتظامیہ اور اہلکاروں سے تعاون کریں۔
Comments are closed.