سبکدوش ہونے والے وزیراعظم کی تقریب الوداعی موخر،نگران کل حلف اٹھائے گا

اسلام آباد(زور آور نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کے لیے آج الوداعی گارڈ آف آنر کی تقریب موخر کر دی گئی، وزیراعظم کو اب کل 14 اگست کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے آج رات قوم سے الوداعی خطاب بھی متوقع ہے، وزیر اعظم اتحادی حکومت کی 16 ماہ کی کارکردگی پر بات کریں گے ۔
وزیراعظم اپنے خطاب میں ملکی معیشت اور سیاسی حالات سے متعلق امور پر گفتگو کریں گے ، خارجہ امور، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں سے متعلق اقدامات پر روشنی ڈالیں گے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اور سابق اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان ہونے والی ملاقات میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کی سمری پر بعد ازاں صدر مملکت نے بھی دستخط کر دیے تھے۔ذرائع کے مطابق انوار الحق کاکڑ بطور نگران وزیراعظم 14 اگست کو عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

 

Comments are closed.