سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابی حلقے ایل اے15 میں ضمنی الیکشن جیتنے پر ضیا القمر کو مبارکباد دی ہے۔آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کرنے پر ضلع باغ کے عوام کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کامیاب ہونے والے امیدوار ضیا القمر کو ہدایت کی کہ عوام کی خدمت کے تسلسل کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔سابق صدر کا کہنا تھا کہ ضلع باغ کے عوام نے بھی پیغام دیدیا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی سے کشمیر تک ایک زندہ حقیقت ہے، پیپلز پارٹی ملک میں وفاق کی علامت ہے، ہم نے پہلے بھی پاکستان کو بچایا ہے، ہم اب بھی ملک کو سنواریں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ضمنی انتخابات جیتنے پر ضیا القمر کو مبارک باد اور انتخابی مہم میں حصہ لینے والے کارکنان کو شاباش دی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی اور ملتان کے بعد آزاد کشمیر کے ضمنی انتخابات میں بھی تیر چل گیا، ضلع باغ کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے جیالے امیدوار کو کامیاب کرایا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی کراچی سے کشمیر تک انتخابی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام کا ہماری پالیسیوں پر مکمل اعتماد ہے۔
Comments are closed.