چیئرمین پی ٹی آئی اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہو گئے، وہ اپنے وکلاء کے ساتھ کمرۂ عدالت میں موجود ہیں۔چیف جسٹس عامر فاروق چیئرمین پی ٹی آئی کی کی سیشن کورٹ ایک روز کے لیے جوڈیشل کمپلیکس منتقلی کی درخواست پر سماعت کر رہے ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر اور بیرسٹر گوہر عدالت میں پیش ہوئے۔
بیرسٹر گوہر چیئرمین نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایف ایٹ سے متعلقہ کورٹ جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنی ہے۔چیف جسٹس عامر فاروق نے ان سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے اس سے متعلق چیف کمشنر کو درخواست دی ہے؟
بیرسٹر گوہر نے جواب دیا کہ وقت کم تھا، ہم چیف کمشنر کو درخواست نہیں دے سکے۔چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ہائی کورٹ از خود عدالت منتقل نہیں کر سکتی، یہ چیف کمشنر کو ہی کرنا ہے۔
وکیل نے کہا کہ ہم نے درخواست دی تو یہ نہ ہو کہ وہ عدالت کی منتقلی نہ کریں۔چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ عدالت ان سے کہہ دیتی ہے، وہ کر دیں گے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ درخواست گزار کے وکلاء آج چیف کمشنر کو درخواست دیں گے، چیف کمشنر اس سے متعلق درخواست پر فیصلہ کریں گے۔چیف جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی سے کہا کہ ابھی یہ درخواست نمٹا رہے ہیں، آپ کی درخواست پر آپ کے خلاف فیصلہ آئے تو آپ دوبارہ درخواست دائر کر سکتے ہیں۔
Comments are closed.