اسلام آباد (شمشاد مانگٹ )وزارت مذہبی امور کی ملی بھگت سے گریڈ 16کا سرکاری ملازم گریڈ 17کا بن کر حج پر چلا گیا۔ فیڈرل ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کے ملازم واجد نے گزشتہ برس وزارت مذہبی امور کے کرپٹ ٹولے کی مدد سے اپنا گریڈبڑھا کر گریڈ 17ظاہر کیا اور پھر حج پر 180ریال فی دن کے حساب سے وصول کرتا رہا اور گزٹیڈ افسر ہونے کی وجہ سے اسے مفت گاڑی، مفت رہائش اور مفت پڑول کی سہولت بھی میسر رہی اور موصوف حج بھی مفت میں کر آئے۔ اور حج 2023ء میں بھی واجد نے بہت باریکی سے اپنا کام مکمل کر لیا تھا۔ اور اس کے سرپرستوں نے گزشتہ برس کے حج کی طرح اس کو تمام مطلوبہ سہولیات دے دی تھیں لیکن ایک چھوٹے اہلکاروں نے شور ڈال دیا جس پر سیکرٹری مذہبی امور آفتاب اکبر درانی نے اس کا نام حج مشن سے نکال دیا جب کہ قانونی طور پر سرکاری ملازم ہونے کی حیثیت سے ریکارڈ میں ٹمپرنگ کرنے کے جرم میں واجد کا کیس ایف آئی اے اینٹی کرپشن کو جانا چاہیے تھا لیکن سیکرٹری اور اس کے ماتحت افسروں نے جان بوجھ کر آنکھیں بند کر لیں اور قانون کے مطابق واجد سے گریڈ 17کا آفیسر بن کر لی گئی سرکاری مراعات کے تمام واجبات بھی واپس لیے جانا ضروری تھا لیکن دانستہ ایسا نہیں کیا گیا۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ فیڈرل ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کے گریڈ 16کے ملازم واجد نے وزارت مذہبی امور کے ایک اعلیٰ عہدیدار کو مبینہ طور پر پلاٹ الاٹ کروانے میں مدد دی تھی۔ واجد اور سیکرٹری مذہبی امور سے رابطے کی بھرپور کوشش کی گئی تاکہ ان کا مؤقف معلوم کیا ہو سکے لیکن رابطہ نہیں ہو سکا۔
Comments are closed.