جشن آزادی پر اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں پرچم کشائی کی تقریب جاری ہے، صدر مملکت عارف علوی نے پرچم فضا میں بلند کیا۔ جشن آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ منافرت پھیلانے کے بجائے محبتوں کو فروغ دینا ہو گا، محبت کو فروغ دینے کے لیے اسلام واحد راستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی ہمارے فوجی اور سویلینز پاکستان کے لیے مسلسل شہادت دے رہے ہیں، ان قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے جدوجہد کرنے والوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
صدر مملکت کا کہنا ہے کہ آزادی کی جدوجہد 1857 میں شرو ع ہوئی، آئین، قانون اور میرٹ کی بالادستی کے لیے یہ قربانیاں دی گئیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک لاکھ جانوں کی قربانیاں دی گئیں، پاکستان کے لیے قربانیوں کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔
عارف علوی نے کہا ہے کہ انصاف کے لیے ضروری ہے فریقین کو سنا جائے، اسلام کی اقدار کو اپنانا چاہیے، اشرافیہ سے التجا ہے ہر بچے کو اسکول بھیجیں، تنخواہ دار ٹیکس چوری کرنے والوں کا بوجھ اٹھاتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ فلاح اور انصاف نہ ہوں تو ریاست میں برکت نہیں ہوتی، سیاستدان اور اسٹیک ہولڈرز درگزر کارویہ اپنائیں، اسلام پُرامن مذہب ہے، ہم امن چاہتے ہیں، اتحاد کا راستہ اختیار کرنا ہو گا۔
تقریب میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور غیر ملکی مہمان نے بھی شرکت کی۔
Comments are closed.