ملک بھر میں 14 اگست کے روز 76واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے، اس حوالے سے آج چھوٹی بڑی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔
سرکاری و نجی عمارتوں اور سڑکوں، بازاروں اور مارکیٹوں میں شاندار چراغاں کیا گیا ہے جبکہ قومی پرچم، جھنڈیاں، بانیانِ پاکستان کی تصاویر اور بینرز جگہ جگہ آویزاں کیے گئے ہیں۔
یومِ آزادی کے موقع پر مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب بھی منعقد کی گئیں۔
شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے مزار پر پاک فوج کے چاق چوبند دستے نے رینجرز کی جگہ گارڈز کے اعزازی فرائض سنبھال لیے۔
بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب روایتی جوش و خروش سے منعقد کی گئی۔
تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر پاکستان نیول اکیڈمی کے کموڈور محمد خالد تھے، پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
آج دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں میں بھی یوم آزادی کے سلسلے میں خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا جن میں پاکستانی تارکین وطن شرکت کریں گے۔
یہ وہ دن ہے جب پاکستان 1947 میں برطانوی سامراج سے آزادی حاصل کر کے معرض وجود میں آیا۔
14 اگست کا دن پاکستان میں سرکاری سطح پر قومی تہوار کے طور پر بڑی دھوم دھام سے منایا جاتا ہے، پاکستانی عوام اس روز اپنا قومی پرچم فضا میں بلند کرتے ہوئے اپنے قومی محسنوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
Comments are closed.