لاہور کی اسپیشل سینٹرل عدالت نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کر لی۔عدالت نے پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنایا۔اسپیشل سینٹرل عدالت نے 10ہزار روپے مچلکوں کے عوض پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کی۔
پرویز الہٰی نے درخواست ضمانت بعداز گرفتاری وکیل کی وساطت سے دائر کر رکھی تھی۔واضح رہے کہ 20 جون کو اینٹی کرپشن عدالت نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کی تھی۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 20 جون کو ہی پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کا نیا مقدمہ درج کیا تھا۔ایف آئی اے کی جانب سے مقدمے میں کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مونس الہٰی اور پرویز الہٰی کےخلاف فراڈ، منی لانڈرنگ اور کرپشن کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے، مونس الہٰی نے 2004 سے 2023 تک فرنٹ مین جبران خان کے ذریعے کرپشن کی۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا تھا کہ مونس الہٰی نے اپنے والد چوہدری پرویز الہٰی کی معاونت سے کرپشن اور منی لانڈرنگ کی۔لاہور کی جوڈیشل مجسٹریٹ عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔
Comments are closed.