پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب میں ممکنہ سیلاب کا ہائی الرٹ جاری کر دیا۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 8 سے 10جولائی کے درمیان دریائے جہلم، ستلج، راوی اور چناب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔ترجمان کے مطابق بھارت کی جانب سے دریائے راوی اور ستلج میں پانی چھوڑے جانے کا امکان ہے، جس سے سیلاب کے خطرات بڑھنے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے تمام ڈپٹی کمشنروں اور متعلقہ صوبائی محکموں کو ہائی الرٹ جاری کر کے فوری انتظامات کی ہدایت کر دی۔واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے بھی ملک کے بیشتر حصوں میں آندھی اور تیز بارشوں کے امکان کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھاربارش کے باعث ہفتے کے روز تک ڈیرہ غازی خان، کوہلو، سبی، بارکھان، ژوب، لورالائی، قلعہ سیف اللہ اور موسٰی خیل کے پہاڑی علاقوں اور ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
دوسری جانب لاہور میں موسلا دھار بارشوں نے 30 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، 10 گھنٹوں کے دوران 291 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش سے نشیبی علاقے، گلیاں اور بازار ڈوب گئے، کئی علاقوں میں پانی گھروں اور پلازوں کے تہہ خانوں میں داخل ہوگیا جبکہ مختلف واقعات میں 7 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو ئے۔
Comments are closed.