نواسہ رسول ﷺ امام حسینؓ کی کربلا میں یزیدی فوج کے ہاتھوں شہادت کے دن آج یوم عاشور پر ملک بھر میں جلوس اور مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے۔۔
پنڈی میں 6000 سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی فرائض سرانجام دیں گے، 1000کے قریب ٹریفک اسٹاف ٹریفک کی روانی کو یقینی بنائے گا، شہر میں مرکزی جلوس پر 3000سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہوں گے۔
سی پی او کے مطابق جلوس کے انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹس لگائے جائیں گے، جلوس کے روٹ کی سرچنگ اور سویپنگ کی جائے گی،جلوس کے روٹ پر گلیوں، سڑکوں اور دیگر راستوں کو سیل کیا جائے گا۔
کراچی میں 10محرم الحرام کی نشترپارک میں مجلس کا آغاز ہوچکا ہے جب کہ مجلس میں شرکت کے لیے شرکاء کی آمد کاسلسلہ بھی جاری ہے۔
مجلس کے اختتام کے بعد مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوگا، شبیہہ علم، تابوت اور ذوالجناح کی زیارت ہوگی جس میں ملک بھر سے ماتمی دستے شریک ہوں گے۔
راولپنڈی میں دسویں محرم کا مرکزی جلوس امام بار گاہ عاشق حسین سے نکلے گا، جلوس کے لیے راولپنڈی پولیس نے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی
ادھر حیدرآباد،ملتان، فیصل آباد،گوجرانوالہ ،پشاور اور کوئٹہ میں بھی مرکزی جلوس برآمد ہوں گے۔
جلوسوں کے اختتام پر مجالس شام غریباں منعقد ہوں گی، امام عالی مقام، ان کےعزیزوں اور ساتھیوں کی شہادت کے بعد نبیﷺکے گھرانے کی خواتین پر مظالم بیان ہوں گے۔
لاہور کی نثار حویلی سے برآمد جلوس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی جس میں حضرت امام حسینؓ کے بیٹےحضرت علی اکبرکی آخری اذان کاتذکرہ کیا گیا، اس کے علاوہ نبی کریم ﷺ کے گھرانے پرمظالم کے غم میں زنجیروں کاماتم کیا گیا۔
پشاورمیں یوم عاشور پرمختلف امام بارگاہوں سے 12 جلوس برآمد ہوں گے، پہلا جلوس صبح 11 بجے امام بارگاہ سید علی شاہ رضوی کوچہ جان پیپل منڈی سے برآمد ہوگا۔
جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے پولیس کے 13 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جلوس کی گزرگاہوں کو کلیئر کرنے کے لیے بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار موجود ہیں، جلوسوں کی طرف جانے والے تمام راستے سیل کردیے گئے جب کہ شہر بھر میں موبائل فون سروس بند ہے۔۔
Comments are closed.