اسلام آباد(زور آور نیوز)ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے جڑانوالہ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے میں ملوث افراد کو کسی صورت بھی معاف نہیں کیا جائے گا۔ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے فیصل آباد میں ہونے والے واقعے کی شدید مذمت کی اور پاکستانی عوام بھی مسیحی برادری سے سلوک پر دکھی ہیں ، اس واقعے پر اعلی سطح کی تحقیقات جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی صورتحال پر پیش رفت بارے مختلف غیر ملکی حکومتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، 13 اگست کو گوادر میں دہشتگردی کا ہدف چینی شہری تھے، پاکستانی سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چینی شہریوں کی حفاظت کی اور تمام حملہ آوروں کو ہلاک کردیا، پاکستان تمام چینی شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنا رہا ہے۔ترجمان کاکہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات اس قسم کے واقعات سے متاثر نہیں ہوں گے، خطے بالخصوص جنوبی ایشیا کا امن پاکستان اور امریکہ دونوں کے مفاد میں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ظلم وستم کی مذمت کرتا ہے، کشمیرمیں موجودہ حالات پر اقوام عالم کو بھی کشمیریوں کی آواز پہنچاتے رہیں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان بات چیت خوش آئند ہے، پاکستان اور ایران ایک ہی مذہب و ثقافتی رشتے میں بندھے ہیں۔پاک افغان تعلقات پربات کرتے ہوئے دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان باربار کہہ چکا ہے افغانستان سے امن چاہتے ہیں، ہمیں افغانستان سے دہشت گردی پر شدید تشویش ہے، دہشت گردی پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کو متاثر کررہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ روسی حکومت کی جانب سے پاکستان کا یوم آزادی منانے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور پاکستانی عوام روسی عوام اور حکام کا یوم آزادی منانے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ہے
Comments are closed.