لاہور: ای چالان کے نام پر جعلی SMS کے ذریعے شہریوں کو دھوکہ دینے والے گروہ متحرک ہو گئے ہیں، جس پر سیف سٹی اتھارٹی نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق ای چالان کا آفیشل میسیج صرف “9915” نمبر سے بھیجا جاتا ہے اور اس میں کسی قسم کا لنک شامل نہیں ہوتا، نہ ہی شہریوں کو آن لائن ادائیگی کی ہدایت دی جاتی ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ اگر “9915” سے موصول ہونے والے کسی پیغام میں لنک دیا جائے یا بینک معلومات طلب کی جائیں تو شہری فوری طور پر محتاط ہو جائیں کیونکہ یہ فراڈ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جعلساز مختلف نمبرز سے ای چالان کے نام پر جعلی لنکس بھیج کر شہریوں سے رقم اور حساس بینک معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ سیف سٹی کبھی بھی SMS کے ذریعے ادائیگی، بینک اکاؤنٹ یا کارڈ کی تفصیلات طلب نہیں کرتا۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک لنک پر کلک کرنے یا غیر مصدقہ ویب سائٹس پر ادائیگی کرنے سے گریز کریں۔ ای چالان کی تصدیق صرف سیف سٹی کی آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے کی جا سکتی ہے، جبکہ ادائیگی صرف e-Pay Punjab ایپ کے ذریعے PSID بنا کر کی جائے۔
مزید معلومات کے لیے شہری ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے آپشن 6 دبا سکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق سیف سٹی کے نام پر جعلی ویب سائٹس بنانے اور شہریوں کو گمراہ کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی مزید تیز کر دی گئی ہے اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔
Comments are closed.