جسٹس قاضی فائز عیسی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست خارج

اسلام آباد(زورآور نیوز)جسٹس قاضی فائز عیسی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے جسٹس قاضی فائز عیسی کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کے معاملے پر اِن چیمبر سماعت کی۔ چیف جسٹس نے جسٹس قاضی فائز عیسی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست واپس لینے پر خارج کر دی،ریاض حنیف راہی ایڈووکیٹ کی درخواست واپس لینے کی استدعا منظور کر لی گئی۔یاد رہے کہ اس سے قبل جسٹس قاضی فائز عیسی کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی سے متعلق درخواست واپس لینے کیلئے اِن چیمبر اپیل سماعت کیلئے مقرر کی گئی تھی۔ جس پر چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے آج اِن چیمبر اپیل پر سماعت کی۔جسٹس قاضی فائز عیسی کیخلاف وکیل ریاض حنیف راہی نے درخواست دائر کی تھی،انکوائری کمیشن کی کارروائی چلانے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی۔تاہم رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے درخواست پر اعتراضات عائد کئے،وکیل ریاض حنیف راہی نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کیخلاف ان چیمبر اپیل دائر کی۔ جبکہ گذشتہ دنوں سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف کیوریٹو ریویو کیس کا فیصلہ بھی جاری کیا تھا،چیف جسٹس پاکستان نے جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف دائر درخواستیں حکومت کی جانب سے واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی تھیں۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے حکومتی درخواستوں پر سماعت کی تھی،تحریک انصاف کے دور میں جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف کیوریٹو ریویو کیس دائر کئے گئے تھے۔ یاد رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسی سپریم کورٹ کے سئنیر ترین جج اور نامزد چیف جسٹس ہیں،جبکہ حکومت نے جسٹس قاضی فائز عیسی کی بطور چیف جسٹس نامزدگی کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر رکھا ہے۔

 

Comments are closed.