اسلام آباد (زورآور نیوز)وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی جانب سے نگران وزیراعظم کیلئے تجویز کردہ ناموں میں کوئی بیورو کریٹ شامل نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کیلئے پیپلز پارٹی سے 4 روز قبل میٹنگ ہوئی،میٹنگ میں 4 سے 5 ناموں پر اتفاق ہوا۔ مشاورت کے بعد نگران وزیراعظم کے نام قیادت کے پاس چلے جائیں گے،جو ہم نے نام دئیے ہیں ان میں کوئی بیورو کریٹس نہیں،جو نام ہم نے تجویز کئے ان میں عام شہری شامل ہیں جن کی اچھی ساکھ ہے۔وزیر دفاع نے بتایا کہ ایک کا تعلق سیاست کے ساتھ ہے اور ایک شخصیت کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ 9 اگست کو اسمبلیاں تحلیل ہونے کی تاریخ مقرر ہے،نگران حکومت بننے کے 90 روز کے اندر انتخابات ہوں گے۔خواجہ آصف نے اسحاق ڈار کے نگران وزیراعظم بننے کی خبروں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خزانہ نے کبھی نگران وزیراعظم بننے کی خواہش کا اظہار نہیں کیا۔دوسری جانب نگران وزیراعظم کیلئے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی راجہ ریاض کی مشاورت جاری ہے،راجہ ریاض اپوزیشن ارکان سے مزید مشاورت بدھ کو کریں گے۔ راجہ ریاض کے مطابق قومی اسمبلی میں اپنے ارکان کے علاوہ جماعت اسلامی سے بھی مشاورت ہو گی،جبکہ نگران وزیراعظم کیلئے جی ڈی اے ارکان سے بھی مشاورت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم کیلئے 3 نام تجویز کروں گا،کوشش ہے کہ تجویز کردوہ ناموں میں ماہر معیشت،سیاستدان اور ٹیکنو کریٹ شامل ہوں۔
جبکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے نگران وزیراعظم کیلئے مشترکہ ناموں کا انتخاب کر لیا ہے،مشترکہ ناموں کی جانچ پڑتال کے بعد تین ناموں کا انتخاب کیا جائے گا۔مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی جانب سے تین ناموں کو آئندہ ہفتے حتمی شکل دی جائے گی۔
Comments are closed.