ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ، ڈسڑکٹ پولیس آفیسر رضا صفدر کاظمی، ڈپٹی کمانڈ رینجرز،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز فاروق احمد بھٹہ، اے ڈی سی آر، اے سی و دیگر ضلعی انتظامیہ و پولیس کے افسران نے یوم شہدائے پولیس کے موقع پر زاہد محمود گوندل شہید پولیس لائن میں یادگار شہداء پر سلامی دی، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ ڈاکٹر حیدر اشرف اور ضلعی پولیس کی جانب سے پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی، دوران تقریب ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر نے پنجاب پولیس کے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہاکہ قیام امن اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے پنجاب پولیس کے ماتھے کا جھومر اور قوم کے ہیرو ز ہیں جنہیں محکمہ پولیس کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ پنجاب پولیس ہرسال 4 اگست کو پولیس شہداء ڈے کے طور پر مناتی ہے اور آج کا دن شہداء کے ساتھ تجدید عہد کا دن ہے۔ پنجاب پولیس کے شہداء نے امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور شہداء کی قربانیاں ہمیں احساس دلاتی ہیں کہ ان جوانوں نے اپنے آج کو وطن عزیز پر قربان کر کے ہمارے کل کو محفوظ بنایا ہے۔
ڈی پی او نے کہا کہ میں ان شہیدوں کی ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے لخت جگر وطن عزیز پر قربان کیے، میں ان شہداء کی فیملیز، والدین اور بچوں کو سلام پیش کرتا ہوں جن کے پیاروں نے شہادت کا عظیم مقام حاصل کیا۔ڈی پی او نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کی بہترین ویلفیئر میری اولین ترجیح ہے۔ خوشی اور غمی کے ہر موقع پر محکمہ پولیس اور فورس اپنے شہداء کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ زندہ قومیں اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرتیں، شہداء پولیس ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جن کی جرات اور بہادری کی داستانیں پوری فورس کیلئے مشعل راہ ہیں۔
آج کے دن تمام پولیس افسران واہلکار اس عہد کی تائید کرتے ہیں کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کی خاطر ہمیں اگرمزید جانوں کے نذرانے پیش بھی کرنا پڑے تو اس سے دریغ نہیں کیا جائے گااور ہم ہر لمحہ سربکف میدان عمل میں تیار کھڑے ہیں، تقریب میں شہداء کی فیملیز، پولیس افسران، ضلعی انتظامیہ کے افسران و میڈیا نمائندگان شامل تھے، تقریب کے اختتام پر کھانے کا اہتمام کیا گیا تھا، شہداء کے بچوں کو تحائف و نقدی بھی دی گئی
Comments are closed.