حکومت نے بجلی محکمہ کے افسران کی مفت بجلی ختم کر دی

اسلام آباد (زورآور نیوز) حکومت کی جانب سے بجلی کمپنیوں کے افسران کی مفت بجلی کی سہولت ختم کردی گئی۔ معلومات کے مطابق بجلی کمپنیوں کے افسران کی مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس سے معلوم ہوا ہے کہ وزارت توانائی نے حکومتی فیصلے کی روشنی میں گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کے لیے مفت بجلی یونٹس ختم کردیئے ہیں اور اب گریڈ 17 سے 21 کے افسران کو ماہانہ مفت یونٹس کی بجائے رقم ملے گی، جس کا اطلاق یکم دسمبر 2023ء سے ہوچکا ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ گریڈ 17 کے افسر کو مفت بحلی کی بجائے ماہانہ 15 ہزار 858 روپے اور گریڈ 18 کے افسر کو ماہانہ 600 مفت یونٹس کی بجائے 21 ہزار 996 روپے ملیں گے، گریڈ 19 کے افسر کو ماہانہ 880 مفت یونٹس کی بجائے 37 ہزار 594 روپے ملیں گے۔اسی طرح گریڈ 20 کے افسر کو ماہانہ 1100 مفت یونٹس کی بجائے 46 ہزار 992 روپے دیئے جائیں گے جب کہ گریڈ 21 کے افسر کو ماہانہ 1300 مفت یونٹس کے بجائے 55 ہزار 536 روپے ملیں گے، افسران کے لیے یونٹس کی بجائے رقم کی منظوری کابینہ کی توانائی کمیٹی اور وفاقی کابینہ سے لی گئی ہے جس ہر اب باضابطہ عملدرآمد ہوگا۔دوسری جانب عام عوام کے لیے بجلی مزید مہنگی کرتے ہوئے نیپرا نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 3 روپے 5 پیسے اضافہ کردیا، بجلی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا کہ بجلی اکتوبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی، بجلی کی قیمت میں اضافہ دسمبرکے بجلی بلوں میں وصول کیا جائے گا، بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 3 روپے 5 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، لائف لائن صارفین اور کے الیکٹرک صارفین پر بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا۔

 

Comments are closed.