پشاور(سپیشل رپورٹر)تحریک انصاف کے سابق ایم این اے شاہ جی گل آفریدی ن لیگ میں شامل ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختو نخوا کے ضم شدہ علاقوں کی سیاسی شخصیات نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کر دیا،شمولیت اختیار کرنے والوں میں تحریک انصاف کے سابق رکنِ اسمبلی شاہ جی گل آفریدی،تاج آفریدی اور بلاول آفریدی سمیت دیگر رہنما شامل ہیں۔لیگی رہنما مرتضی جاوید عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شاہ جی گل آفریدی کا ساتھیوں سمیت ن لیگ میں شامل ہونے پر خیر مقدم کرتے ہیں،شمولیت کے پی کی سیاست میں تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو گی۔ جبکہ شاہ جی گل آفریدی کا کہنا تھا کہ نواز شریف ملک سے محبت کرتے ہیں،ن لیگ نے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کو ناکام بنایا۔یاد رہے کہ اس سے قبل سابق ایم این اے رانا نذیر اور نوریز شکور نے تحریک انصاف سے راہیں جدا کر لی تھیں،سابق ایم این اے اور رہنما تحریک انصاف رانا نذیر نے پارٹی کو چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں،اگلا سیاسی لائحہ عمل حلقے کے لوگوں کی مشاورت سے طے کروں گا۔ ریاست اور ریاستی اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی قابلِ مذمت ہے۔ رانا نذیر نے کہا کہ حلقے کے عوام سے مشاورت کے بغیر پی ٹی آئی میں شمولیت غلطی تھی،9 مئی کو جناح ہاس اور افواج پاکستان کے دفاتر کو آگ لگائی گئی،جبکہ ساہیوال سے پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے نوریز شکور نے بھی سیاست چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کا سانحہ بدترین ہے اور سیاست کا سیاہ ترین باب ہے۔
Comments are closed.