راجہ ریاض آگے آگے ،شہباز پیچھے ،نگران کا نام فائنل کرنے میں مسائل

اسلام آباد(زور آور نیوز)نگران وزیر اعظم کی تقرری کے معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کو مشاورتی عمل شروع کرنے کیلئے خط لکھ دیا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے تحلیل ہونے کے بعد اتحادی حکومت ختم ہوگئی تاہم نگران وزیراعظم کی تقرری تک آئینی ضرورت کے تحت شہباز شریف وزیر اعظم کے فرائض منصبی انجام دیتے رہیں گے۔وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کو لکھے گئے خط میں کہا کہ آپ کو علم ہے صدر مملکت نے قومی اسمبلی تحلیل کر دی ہے، نگران وزیر اعظم کا تقرر کیا جانا مقصود ہے، آئین کی پاسداری کرتے ہوئے آپ کو مشاورت کی دعوت دیتا ہوں۔خط میں وزیر اعظم شہباز شریف نے آئین کے آرٹیکل 224 کا حوالہ بھی دیا ہے۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا خط اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کو موصول ہوگیا ہے۔واضح رہے کہ نگران وزیراعظم کیلئے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان 3 دن تک مشاورت ہوسکتی ہے، نگران وزیراعظم کی نامزدگی کیلئے مجموعی طور پر 8 دن کی مدت ہوتی ہے۔

 

 

Comments are closed.