سابق وزیر اعظم کا پرنسپل سیکرٹری اعظم خان لاپتہ ہو گئے

اسلام آباد(وقائع نگار)سابق وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان لاپتہ ہو گئے۔اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اہلخانہ کی جانب سے تھانہ کوہسار میں درخواست دے دی گئی ہے۔درخواست اعظم خان کے بھتیجے کی جانب سے دی گئی،درخواست میں کہا گیا کہ اعظم خان کل شام کو گھر سے نکلے جس کے بعد واپس نہیں آئے۔ اعظم خان کا موبائل فون بھی بند ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے جس کے بعد مقدمے سے متعلق فیصلہ ہو گا۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کی سائفر سے متعلق لیک گفتگو سے متعلق ایف آئی اے تحقیقات کر رہا ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان کی امریکی سائفر سے متعلق اعظم خان کے ساتھ آڈیو لیک ہوئی تھی۔اعظم خان کہتے ہیں کہ میں سوچ رہا اس سائفر کے اوپر ایک میٹنگ کر لیتے ہیں۔ آپ کو یاد تو ہے آخر میں ایمبیسڈر نے لکھا تھا ڈیمارچ کر لیں۔وہ میں منٹس بنا لوں گا کہ فارن سیکرٹری نے یہ چیز بنا دی ہے،بس اس کا یہ کام ہو گا،اس کا اینلیسز ادھر ہی ہو گا۔پھر انلیسز اپنی مرضی کے منٹس میں کر دیں گے تاکہ منٹس آفس کے ریکارڈ پر ہوں،اینلسسز یہ ہو گا کہ یہ تھریٹ ہے۔ڈپلومیٹک لینگوئج میں اسے تھریٹ کہتے ہیں،دیکھیں منٹس تو پھر میرے ہاتھ میں ہیں،اپنی مرضی سے منٹس ڈرافٹ کر لیں گے۔۔اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف اور مریم نواز کی آڈیوز بھی لیک ہو چکی ہیں۔ لیک ہونے والی آڈیو میں مبینہ طور پر مریم نواز فنڈز کی کمی کا بہانہ بنا کر تحریک انصاف حکومت کے صحت کارڈ منصوبے کو بند کرنے کا مشورہ دے رہی ہیں۔

Comments are closed.