سیکیورٹی فورسز نے ٹانک اور شمالی وزیرستان کے اضلاع میں کامیاب کارروائیوں کے دوران فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف مختلف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث چھ سرگرم دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق29 اور 30 جون کی درمیانی شب ٹانک کے علاقے منزئی میں پاک فوج اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، پاک فوج کے جوانوں نے موثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتا لگایا اور تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فورسز نے مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا۔
بیان میں کہا گیا کہ شمالی وزیرستان کے ضلع رزمک کے عمومی علاقے میں فوج اور دہشت گردوں کے درمیان ایک اور شدید جھڑپ میں مزید تین دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے گئے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث رہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں کسی اور دہشت گردکی موجودگی کا سراغ لگانے اور انہیں ختم کرنے کے لیے علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جا ری ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے کے مقامی لوگوں نے کارروائی کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے فوجی دستوں کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ منگل کے روز بھی سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے عنایت قلعہ میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کمانڈر سمیت 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا، مارے گئے دہشت گردوں میں کمانڈر شفیع بھی شامل تھا۔
خیال رہے کہ 20 جون کو خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں بم دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے تھے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا تھا کہ دیسی ساختہ بم دھماکے کے نتیجے میں خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ سپاہی گل رؤف اور ضلع کرک کے رہائشی 23 سالہ سپاہی عابد اللہ شہید ہوگئے۔
Comments are closed.