کئی ماہ کی دوری،آتے ہی عدلیہ کے منصب کو آڑے ہاتھوں لے لیا

لاہور(زور آور نیوز)چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان کا چیئرمین پی ٹی آئی کی وکالت کرناسابق وزیراعظم کو اچھا نہیں بنا سکتا۔توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دئیے کہ توشہ خانہ کیس ٹرائل کورٹ کا حکم درست نہیں، اگر کوئی فیصلہ درست نہیں ہے تو ہم اس میں مداخلت کر سکتے ہیں۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا مزید کہنا تھا کل تک اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا انتظار کر لیتے ہیں، اس کے بعد کیس کی سماعت کریں گے۔مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں لکھا کہ چیف جسٹس کا چیئرمین پی ٹی آئی کی وکالت کرنا سابق وزیراعظم کو اچھا نہیں بنا سکتا۔چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے مزید لکھا کہ اس سے چیف جسٹس پاکستان کا امیج خراب ہو گا، بہت ہی شرمناک۔

 

Comments are closed.