ہسپتالوں کی خرابی کے ذمہ دار حکومت ہے ڈاکٹر نہیں ۔محسن نقوی

لاہور (زور آور نیوز)نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہسپتالوں کی خرابی کے ذمہ دار ڈاکٹرز نہیں بلکہ حکومت ہے۔سروسز ہسپتال میں سینئر ڈاکٹرز سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ چند روز قبل سروسز ہسپتال کا دورہ کیا تھا، سروسز ہسپتال کی حالت دیکھ کر انتہائی افسوس ہوا، سروسز ہسپتال کا آپریشن تھیٹر ایسا ہے کبھی اپنے کسی عزیز کو یہاں داخل نہ کراں۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کوئی بھی نیا آئے تو وہ پرانے ہسپتالوں کی بہتری کے بجائے نئے ہسپتال بنانے کی بات کرتا ہے، سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، سروسز ہسپتال کی ابتری کے ذمہ دار ڈاکٹر نہیں حکومت ہے، ہر خرابی کا ذمہ دار ڈاکٹرز کو ٹھہرانا درست نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جو ڈاکٹر ایک وقت میں 5مریض دیکھ رہا ہے اس کا ہم نے شکریہ ادا کرنا ہے، ڈاکٹر شام کو کام ضرور کریں لیکن اپنی ڈیوٹی پوری کریں، مایوسی گناہ ہے لیکن ملک میں پھیلنے والی مایوسی کے ہم سب ذمہ دار ہیں، ہم ایک پاکستانی ہونے کے ناطے تھوڑی سی اپنی ذمہ داری لے لیں تو بہترین رزلٹ ہفتوں اور مہینوں میں سامنے آجاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں، تمام شہریوں کو معاشرے کی بہتری میں کردار ادا کرنا ہو گا حکومت کے ساتھ ساتھ عملے اور شہریوں کو بھی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی چھوٹی چھوٹی کوشش سے چیزیں تبدیل ہو جائیں گی۔نگران وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ جب تک الیکشن نہیں ہوتے ہم حکومت چلا رہے ہیں، کچھ وقت کیلئے ذمہ داری سونپی گئی ہم صوبے اور عوام کی بہتری کے لیے کوشاں ہیں، اگلے چند ہفتوں میں ہسپتال کو بہتر کردیں گے،5 یا 7 ارب جتنے بھی لگے ہم اگلے چند ماہ میں لگائیں گے، ہماری اس سلسلے میں نیت بالکل صاف ہے۔

 

Comments are closed.