خزانہ نے ای سی پی کو فنڈز جاری کر دیئے

اسلام آباد (زورآورنیوز) عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو 17 ارب روپے کے فنڈز جاری کر دئیے گئے۔ وزارت خزانہ نے الیکشن کمیشن کو مزید 17 ارب جاری کردیئے۔ اس سے قبل وزارت خزانہ نے الیکشن کمیشن کو 10 ارب روپے جاری کیے تھے۔خزانہ ڈویژن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو جب بھی رقم درکار ہوگی فوری جاری کریں گے. الیکشن کمیشن کو 27 ارب 40 کروڑ جاری کیے جا چکے ہیں۔بجٹ میں الیکشن کے لیے 42 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔ وزارت خزانہ نے ملک میں عام انتخابات کے لیے فوری فنڈز جاری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سیکرٹری وزارت خزانہ نے الیکشن کمیشن کو درکار فنڈز 2 روز میں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔عام انتخابات کےلئے فنڈز کی عدم فراہمی پر سیکرٹری خزانہ الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، جس کے بعد وزارت خزانہ نے عام انتخابات کے لیے فوری فنڈز جاری کرنے کا اعلان کیا۔
اس حوالے سے سیکرٹری خزانہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جنتی ضرورت ہوگی فنڈز جاری کردیں گے، دو دن میں الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کے لیے فنڈز جاری ہو جائیں گے۔ خیال رہے کہ ملک میں آئندہ عام انتخابات کیلئے مختص رقم تاحال ریلیز نہ ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔ بجٹ میں مختص رقم ریلیز نہ کرنے پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا اور آئندہ انتخابات کے لیے فنڈز کی عدم فراہمی پر سیکریٹری خزانہ کو الیکشن کمیشن طلب کیا گیا۔بتایا جارہا ہے کہ راوں مالی سال کے بجٹ میں عام انتخابات کے لیے 42 ارب روپے مختص کیے گئے تھے لیکن وزارت خزانہ نے اب تک 10 ارب روپے مہیا کیے ہیں، بقیہ رقم کی فراہمی بغیر کسی معقول جواز کے تعطل کا شکار ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ 8 فروری کے عام انتخابات کے انعقاد کے لیے فوری طور پر17 ارب روپے درکار ہیں، اس رقم کی فراہمی کے لیے وزارت خزانہ سے کئی بار رجوع کیا گیا، وزارت خزانہ کو رقم کی فوری فراہمی کے لیے تحریری یاد دہانی بھی کرائی گئی، رقم کی فراہمی سے متعلق ابھی تک کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے رقم فراہمی سے متعلق نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کو بھی آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا، رقم کی عدم فراہمی سے متعلق نگراں وزیرِ اعظم کو تفصیلی خط لکھا جائے گا۔

 

Comments are closed.