او جی ڈی سی ایل کا کنر آئل فیلڈ سے تیل کی پیداوار میں اضافے کا اعلان
صوبہ سندھ کے ضلع حیدرآباد میں واقع کنر آئل فیلڈ سے 1160بیرل یومیہ تیل کا اضافہ۔ تر جمان او جی ڈی سی ایل
اسلام آباد، 23 جنوری 2025: آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے جمعرات کو صوبہ سندھ کے ضلع حیدرآباد میں واقع کنر آئل فیلڈ سے تیل کی پیداوار میں نمایاں اضافے کا اعلان کر دیا۔ کمپنی کی پیداوار کو بہتر بنانے کی کوششوں کے نتیجے میں دو اہم کنوؤں، کنر-12 اور کنر-6 سے 1,160 بیرل یومیہ تیل کا اضافہ ہوا ہے۔
کنر-12 کنویں میں پیداوار کی صلاحیت کے دوبارہ جائزے کے بعد، او جی ڈی سی ایل نے روایتی جیٹ پمپ کو الیکٹریکل سبمرسبل پمپ (ای ایس پی) سے تبدیل کیا۔ ان اقدامات کے ذریعے کنویں کی پیداوار 1,060 سے بڑھ کر 1,820 بیرل یومیہ ہو گئی جو 760 بیرل یومیہ اضافہ ہے۔ یہ کنواں او جی ڈی سی ایل کے کنر آئل فیلڈ کا حصہ ہے، جس میں کنر مائننگ لیز ایریا میں 100% ورکنگ انٹرسٹ شامل ہے۔
علاوہ ازیں او جی ڈی سی ایل نے کنر-6 کنویں کی کامیاب بحالی کا اعلان بھی کیا۔ کنر-6 کنواں جو پہلے پانی کی زیادہ پیداوار کی وجہ سے بند تھا، ایک جامع منصوبے کے بعد کامیابی کے ساتھ بحال کیا گیا ہے۔ لوئر گورو اپر سینڈ میں بغیر رگ کے کئی مداخلتوں کے ساتھ ساتھ مصنوعی لفٹ سسٹم (ای ایس پی) کے ذریعے دوبارہ تکمیل کے نتیجے میں اس کی کارکردگی کو بہتر بنایا گیا ہے۔ کنر-6 سے 400 بیرل یومیہ تیل پیدا کیاجا رہا ہے۔
ان اقدامات کے نتیجے میں کنر آئل فیلڈ سے 1,160 بیرل یومیہ اضافی پیداوار حاصل ہورہی ہے۔یہ اقدام او جی ڈی سی ایل کی تکنیکی مہارت، جدید حکمت عملیوں اور اپنے وسائل سے پیداوار کو زیادہ سے زیادہ کرنے کی کوششوں کے عزم کو اجاگر کرتاہے۔ او جی ڈی سی ایل ملک کی توانائی کی سلامتی میں اہم کرداراداکرنے کیلئے پر عزم ہے۔
Comments are closed.