وزیر داخلہ نے اسلام آباد ٹریفک پولیس سہولت وین اور ایجوکیشن وین کا افتتاح کردیا،شہری موبائل ٹریفک سہولت وین سے لرنرپرمٹ، لائسنس کی تجدید اور دیگر اہم سہولیات حاصل کرسکیں گے،موبائل ٹریفک ایجوکیشن وین مختلف نجی و تعلیمی اداروں اور سڑکوں پر شہریوں کو ٹریفک کے متعلق آگاہی فراہم کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے شہریوں کی سہولت کے لئے ایک اور اہم اقدام کو پائے تکمیل تک پہنچادیاہے،وفاقی وزیر داخلہ نے اسلام آباد ٹریفک پولیس سہولت وین اور ایجوکیشن وین کا افتتاح کردیا اور موبائل وین کا معائنہ بھی کیا، اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب ایف نائن پارک میں منعقد کی گئی، تقریب میں انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی سمیت اسلام آبادپولیس کے سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے،اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس آج سے ملک بھر کے کسی بھی حصے کے رہائشی کا اسلام آباد سے ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا کرے گی، وفاقی دارالحکومت کے 70 سال سے زائد عمر کے لوگوں کا لائسنس ان کے گھر جاکربنایا جائےگا،انہوں نے مزید کہاکہ اسلام آباد کے شہریوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے،آج ہم کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلبا ءکو ان کی تعلیمی اداروں میں جا کر لرنر اور لائسنس کے اجرا اور تجدید کی سہولت فراہم کرنے کی سروس کا باقاعدہ آغاز کررہے ہیں، اس سروس کا مقصد طلبا و طالبات کا وقت ٹریفک دفتروں میں آنے جانے اور قطاروں میں لگ کر ضائع ہونے سے بچانا ہے،انہوں نے مزیدکہا کہ اسلام آباد کو منشیات اور تجاوزات سے پاک کرنے کا کام شروع کر دیاگیا ہے،
تجاوزات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلہ پر بھی اسلام آباد میں من و عن عمل کریں گے، کسی کوبھی تجاوزات نہیں کرنے دیں گے،انہوں نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کوہدایت کی کہ آج سے اسلام آباد میں موجود ملک کے کسی علاقے کے شہری کو لائسنس جاری کئے جائیں،کسی کو اسلام آباد سے باہر عارضی یا مستقل پتہ ہونے پر واپس نہ بھیجا جائے،انہوں نے کہا کہ پولیس کے شہدا کے اہلخانہ اور پولیس کی ویلفیئر بھی میری ترجیحات میں شامل ہیں،تین ماہ میں اسلام آبادکے تمام تھانوں کی صورتحال یکسر تبدیل کرکے دکھاﺅں گا، انہوں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی سربراہی میں پولیس تعلیمی اداروں سمیت اسلام آباد کے کونے کونے میں منشیات کے استعمال کے خلاف کاروائی عمل میں لا رہی ہے، پولیس منشیات سمگل کرنے والوں کو بھی پکڑ رہی ہے، انہوں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد احسن طریقے سے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں،اس موقع پر آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ یہ سہولت وین “شہریوں کی خدمت سہولت کے ساتھ “کا موٹو لئے وفاقی دارلحکومت میں شہریوں کو خدمات مہیا کر ے گی،اس سلسلہ میں پولیس سہولت وین کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا،شہری پولیس سہولت وین سے دن 10بجے سے لے کر شام 07بجے تک مستفید ہو سکتے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس وفاقی دارلحکومت میں شہریوں کی حفاظت اور خدمت کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔
Comments are closed.