الیکشن کرانا ہمارا کام نہیں ،نگران حکومت نے آتے ہی اپنے اہداف سے مکر گئی

اسلام آباد(زور آور نیوز)نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی کا کہنا ہے کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے،الیکشن کمیشن نے ویب سائیٹ پر پورا شیڈول دیا ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات کرانا نگران حکومت کا نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کا کام ہے،انتخابات 90 روز میں کراتے ہیں یا فروری میں اس میں ہماری کوئی خواہش نہیں۔الیکشن کمیشن جو کہے گا ہم اس پر عملدرآمد کریں گے،جبکہ صاف اور شفاف انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ نگران وزیراعظم نے ملک کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر و بحالی پر زور دیا،میری پہلی میٹنگ چیف الیکشن کمشنر کے ساتھ تھی اور انہیں شفاف انتخابات کیلئے نگران کابینہ کے عزم سے آگاہ کیا۔مرتضی سولنگی نے موجودہ معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی،معاشی بد حالی اور غربت ایک حقیقت ہے،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کا طوفان ساتھ لیکر آتا ہے۔انکا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے منجمد پروگرام کو دھکا دے کر اسٹارٹ کرایا گیا،ہم آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹینڈ بائی معاہدے میں ہیں۔عوام مشکل میں ہیں ہمیں اخراجات بڑھانے کا کوئی اخلاق حق نہیں،ملک کو عوام کے منتخب نمائندے ہی چلائیں گے۔ قبل ازیں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری ٹیم بہترین اور تجربہ کار ہے جس پر فخر ہے۔ یقین ہے اللہ تعالی ہمیں سرخرو کرے گا۔ وزرا سے امید ہے،اپنی اپنی وزارتوں میں بہترین کام کریں گے۔ انکا کہنا تھا کہ معاشی مسائل کے حل کے لیے بہترین اقدامات کریں گے۔مقررہ مدت میں پاکستان کی ترقی کی بنیاد رکھنے کی کوشش کریں گے۔قانون کی حکمرانی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا۔

 

Comments are closed.