عمران خان کے پاس عدالت عالیہ اور عظمیٰ میں اپیل کا حق ہے،وزیر قانون

اسلام آباد(زور آور نیوز)وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں اپیل کا حق ہے۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرِ صدارت سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو قانونی طریقے سے سزا ہوئی ہے، وہ اس کا سامنا کریں، 37 دفعہ وہ عدالت میں حاضر نہیں ہوئے۔وزیرِ قانون نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کا معاملہ سادہ سے کیس پر ہوا، گوشوارے قانون کے تابع ہوتے ہیں جو ویب سائٹ پر دستیاب ہوتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے جو اثاثے ظاہر کئے اس پر کارروائی ہوئی، ان کی چوری پکڑی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ ایک قانونی طریقہ کار کے تحت آپ کو سزا ہوئی ہے، آپ کے پاس تو نظرِثانی اپیل کا بھی حق ہے، میاں نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کو تو اپیل کا حق بھی نہیں دیا گیا تھا۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ 2017 کی مردم شماری سے متعلق سیاسی جماعتوں کو اعتراض تھا جس کے باعث اس بار ڈیجیٹل مردم شماری کی گئی، ہو سکتا ہے کچھ حلقوں میں تبدیلی آئے، الیکشن کمیشن کو اس معاملے پر آفیشل اسٹیٹمنٹ دینا چاہیے۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات آئینی ضرورت کے عین مطابق جلد از جلد ہونے چاہئیں، اتحادی جماعتوں کا بھی موقف ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں، الیکشن کمیشن کو چاہیے وضاحت کے لئے بیان جاری کرے۔

 

Comments are closed.