اسلام آباد(وقائع نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کے ایگزم بینک نے مزید 6 سو ملین ڈالر کا قرضہ رول اوور کر دیا جس سے ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے۔اسلام آباد میں وزیراعظم یوتھ اسپورٹس انیشی ایٹیو کے اجرا کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج اس تقریب میں حاضر ہوکر بے حد خوشی ہو رہی ہے، پورے پاکستان کی جانب سے نوجوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، محدود وسائل کے باوجود نوجوانوں نے پاکستان کا نام روشن کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے، میں اگر سفارتی آداب کا خیال رکھتا تو شاید نام نہ لیتا لیکن دل یہ کہتا ہے کہ جس نے احسان کیا ہو، اس کو یاد رکھا جائے، میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں لیکن دعا کریں کہ قرضوں سے نہیں، قوم کی اپنی محنت، کمائی اور قربانی سے بڑھیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جس طرح بچوں نے مختلف کھیلوں کے میدان میں گولڈ میڈل لیے، میں سمجھتا ہوں کہ اس سے ہمیں سبق اور ہمت حاصل کرنی چاہیے، یقین دلاتا ہوں کہ اگر اللہ تعالی نے ہمیں آئندہ موقع دیا تو قوم کے ان کروڑوں بچے اور بچیوں کی تعلیم، ان کی ووکیشنل ٹریننگ اور ان کے کھیل کود کے میدان بنانے اور سجانے میں جتنے بھی وسائل مہیا کر سکے کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں کروڑوں نوجوان اس قابل ہیں کہ ان کو مواقع میسر کیے جائیں، اس بجٹ میں 5 ارب روپے نوجوانوں کیلئے رکھے گئے ہیں، امید ہے نئی آنے والی حکومت اس بجٹ میں مزید اضافہ کرے گی۔
Comments are closed.