سی ڈی اے مزدور یونین کے زیر اہتمام شہداء”بنیان مرصوص “کے حوالے سے خصوصی تقریب کا اہتمام
پوری قوم متحد اوراپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دشمن کے ناپاک ارادوں کو نہ صرف خاک
میں ملایا تاکہ آئندہ کوئی بھی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ کرے، محمد علی رندھاوا
اسلام آباد
شمشاد مانگٹ
سی ڈی اے مزدور یونین کے زیر اہتمام شہدائ” بنیان مرصوص “کے حوالے سے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سی ڈی اے کے ممبران سمیت سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری، عہدیداران اور سی ڈی اے ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ جب بھی پاکستانی قوم پر کوئی مشکل وقت آتا ہے تو پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح مضبوط اور متحد ہو جاتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہوئی جسکی وجہ سے دشمن کے ناپاک ارادے خاک میں ملا دئیے گئے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک بہادر قوم ہے جو اپنی مسلح افواج کے ساتھ پاک سرزمین کی حفاظت کیلئے آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
محمد علی رندھاوا نے مزید کہا کہ ہماری مسلح افواج نے اپنی بہادری، جرات اور فتح کے ساتھ پوری پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ہمارے آپس میں اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن جب اس دھرتی ماں کی عزت کی بات آتی ہے تو ہم سب یکجا اور یک زبان ہیں ۔
انہوں نے کہا کل پورے پاکستان میں یوم تشکر منایا جارہا ہے۔ الحمداللہ افواج پاکستان اور پوری قوم نے ملکر اپنے سے بڑے دشمن کو نیست و نابود کیا۔ اس تمام آپریشن میں اللّٰہ تعالیٰ کی خاص رحمت ہمارے شامل حال رہی جسمیں ملک بھر کے ہر فرد کی دعائیں شامل تھیں۔ سی ڈی اے سمیت تمام اداروں خصوصاً لائ انفورسمنٹ ایجنسیز نے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطن عزیز کے کامیاب دفاع میں اپناقومی فرض احسن طریقے سے نبھایا جسکے لئے ہم اللّٰہ تعالیٰ کی بارگاہ میں سجدہ بشکر بجا لاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنے پیارے وطن پاکستان کی سلامتی، عزت اور وقار پر آئندہ بھی کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ ہم سلام پیش کرتے ہیں اپنے ان شہداءکو جنہوں نے راہ حق میں اپنی قمیتی جانوں کا نذرانہ وطن عزیز کی حفاظت کرتے ہوئے پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہید ہمیشہ زندہ رہتا ہے، جو اس جنگ میں سرخرو ہوکر آئے ہیں وہ غازی ہیں کیونکہ اس دھرتی ماں کی مٹی کی حفاظت ہم سب پر قرض ہے۔
محمد علی رندھاوا نے مزید کہا کہ جو کوئی بھی ملک کو میلی آنکھ سے دیکھے گا ہم اسکی میلی آنکھ کو نکال دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کل پورے پاکستان میں یوم تشکر منایا جارہا ہے اس سلسلے میں کل ایف نائن پارک اور پاکستان مونومنٹ جاکر شہداءکو خراج تحسین پیش کریں گے اور پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرائیں گے۔ ہم اپنی نئی نسل کو بتائیں کہ پاکستان ہم نے کتنی قربانیوں سے حاصل کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو بتائیں کہ پاکستان جب حاصل کیا گیا تو اسکے لئے کتنی قربانیاں دی گئیں۔ جمعہ کے مبارک دن کے موقع پر ہمیں ویسے بھی اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ بسجود ہونے کے علاوہ شکر ادا کرنا چائیے اور اپنی افواج پاکستان کی شاندار فتح پر اظہار تشکر کیا جائے گا ہماری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمارا تن، من، دھن اپنے وطن کی خاطر قربان ہو۔ ہم اپنی افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور جب بھی ضرورت پڑی تو کسی بھی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور دشمن کو پہلے سے بھی زیادہ موثر انداز میں شکست دیں گے۔
چیئرمین سی ڈی اے کا کہنا تھا کہ شہداءاور افواج پاکستان کے افسران کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی شاندار صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور اپنی دفاعی برتری ثابت کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہوچکی ہے اور مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے، پوری قوم اپنی سرزمین، نظریے اور وقار کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہے۔
محمد علی رندھاوا نے مزید کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص پہلے دن ہی مکمل ہوگیا تھا اور ساتھ ہی مودی کے خوابوں کا بھی چکنا چور ہوگیا، ہماری افواج نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا ہے جس پر ہم اپنی بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر شہداءپاکستان اور سی ڈی اے کے وفات پانےوالے ملازمین کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔
Comments are closed.