کم وسائل والے طبقات تک صحت کی بہترین سہولیات پہنچانا مشن ہے، ڈاکٹر جمال ناصر
صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے راولپنڈی میں ”ہیلتھ میلہ“ کا افتتاح کیا جو کہ ایڈن مارکی آئی جے پی روڈ میں منعقد کیا گیا تھا۔ ہیلتھ میلہ کا مقصد کم وسائل والے طبقات تک ماں اور بچے کی صحت، عمومی و ذہنی صحت اورخاندانی منصوبہ بندی کی خدمات پہنچانا ہے۔ میلے میں ماں اور بچے کی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کے کاؤنٹرز کے علاوہ الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈ، نیوٹریشن سکریننگ، الٹراساؤنڈ اور ذہنی صحت کلینک بھی قائم کئے گے تھے۔صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر تمام سٹالز پرگئے جہاں پر انہیں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر انصر اسحاق، ڈائریکٹر فیملی پلاننگ شیریں سخن، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اعجاز، ڈی ایچ او ہیلتھ ڈاکٹر احسان غنی اور دیگر بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ محکمہ صحت راولپنڈی اپنی استعداد سے زیادہ کام کر رہا ہے اور ان کی شاندار خدمات کی وجہ سے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری فرائض کو عبادت سمجھ کر سرانجام دیں کیونکہ انسانیت کی خدمت بڑی عبادت ہے اور جب کوئی دکھ یا تکلیف میں ہو اس کی خدمت اور اس کو راحت پہنچانے کا اجر بہت زیادہ ہے۔صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ”ہیلتھ میلہ“ کا مقصد یہ ہے کہ ماں اور بچہ کی صحت اور فیملی پلاننگ کیلئے کام کرنے والے تمام سرکاری محکموں اور غیر سرکاری اداروں کو ایک چھت تلے جمع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس میلہ میں مریضوں کا ڈیجیٹل ڈیٹا اکٹھا کرنے کا بھی عملی مظاہرہ کیا گیا ہے جو کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا وژن ہے کہ پیپر لیس ریکارڈ تیار کیا جائے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی نگران حکومت کی ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں موجود سرکاری علاج گاہوں کے اچانک دورے کئے جا رہے ہیں اور ڈاکٹرز یا پیرا میڈیکل سٹاف کی جانب سے کوتاہی اور غیرذمہ داری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
Comments are closed.