نگران وزیراعظم ۔۔۔ٹیلفونک خطاب
جلد اپنے آبائی گائوں کان مہترزئی کا دورہ کرکے شہریوں کو درپیش مسائل کا ذاتی طور پر جائزہ لیں گے اور ان کو حل کرنے کی کوشش کریں گے،نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا اپنے آبائی علاقے کان مہترزئی، قلعہ سیف اللہ میں عوامی اجتماع سے ٹیلفونک خطاب
اتوار کو نگران وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ نے اپنے آبائی علاقے کان مہترزئی، قلعہ سیف اللہ میں عوامی اجتماع سے ٹیلفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد اپنے آبائی گائوں کان مہترزئی کا دورہ کرکے شہریوں کو درپیش مسائل کا ذاتی طور پر جائزہ لیں گے اور ان کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ وزیرِاعظم نے کہاکہ وہ علاقے کی تمام سیاسی قیادت، قبائلی عمائدین، علما کرام، سول سوسائٹی اور وکلا کی جانب سے نگران وزیراعظم نامزدگی پر مبارکباد کے لیے شکر گزار ہیں۔وزیرِ اعظم نے پروگرام کے منتظمین کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ کان مہترزئی، قلعہ سیف اللہ کو ملک کے دیگر علاقوں کے برابر لانے اور پسماندگی کے خاتمے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ قلعہ سیف اللہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں ترقی کے عمل کو تیز کرکے روزگار کی فراہمی اور امن وامان کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔تقریب میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں، قبائلی عمائدین، علما کرام، صحافیوں، زمینداروں، وکلا سمیت دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
Comments are closed.