چینی و غیر ملکی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی کا پلان

چینی و غیر ملکی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی کا پلان۔۔ داسو ۔ چلاس میں سیف سٹی پراجیکٹ لگانے کی تیاریاں،
وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت داسو ۔چلاس سیف سٹی پراجیکٹ کے قیام کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جامع پلان طلب کرلیا۔خصوصی کمیٹی تشکیل ۔ 15 روز میں حتمی سفارشات پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد: 25 مئی 2024: چینی و غیر ملکی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے داسو۔ چلاس میں سیف سٹی پراجیکٹ لگانے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت داسو۔چلاس سیف سٹی پراجیکٹ کے قیام کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جامع پلان طلب کرتے ہوئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی۔ انہوں نے کمیٹی کو 15 روز میں حتمی سفارشات پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ داسو۔ چلاس میں سیف سٹی کا قیام عمل میں لایا جائے، داسو۔ چلاس میں سیف سٹی کا قیام اسلام آباد اور لاہور کی طرح جدید تقاضوں کے مطابق عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کا مقصد صرف کیمرے لگانا نہیں بلکہ ایسا نظام ہے جو جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ٹولز سے لیس ہو، سیف سٹی پراجیکٹ سے اس علاقے کی نگرانی اور سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس اس سلسلے میں ہر قسم کی معاونت فراہم کرے گی، واپڈا، خیبر پختونخوا پولیس اور اسلام آباد پولیس ملکر اس سلسلے میں جامع پلان تیار کریں۔
وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد، آر پی او ہزارہ اور واپڈا کے نمائندہ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی 15 دن میں داسو۔ چلاس میں سیف سٹی کے قیام کے حوالے سے تفصیلی اور جامع پلان پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، اس ذمہ داری کی ادائیگی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا، چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کی شرکت جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹر ی ہوم، ایڈیشنل آئی جی خیبر پختونخوا اور آر پی او ہزارہ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شامل ہوئے۔

Comments are closed.