اسلام آباد میں آئی ٹی پارک کا قیام شاندار قدم

Ahsan Bakhtavari

اسلام آباد میں آئی ٹی پارک کا قیام شاندار قدم،منصوبے کی کامیابی انقلاب برپا کر سکتی ہے،احسن بختاوری
اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کی طرف سے پارک کے قیام کیلئے اسلا م آباد چیمبر مکمل تعاون کرے گا،بیان

صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کی طرف سے اسلام آباد میں ملک کا سب سے بڑا آئی ٹی پارک قائم کرنے کا فیصلہ خوش آئند اور آئی ٹی کے شعبے کو تقویت دینے کیلئے تاریخی قدم ہے۔آئی ٹی پارک کے قیام سے پاکستان میں ٹیکنالوجی کے میدان میں توسیع اور جدت اور اس شعبے کی ترقی میں مدد ملے گی۔

وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی ٹین میں تعمیر کیا جانے والا 3.3 ایکڑ رقبہ پر محیط یہ میگا پراجیکٹ تخلیقی اور کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے تکنیکی سپورٹ اور سہولیات کا مرکز ثابت ہو گا۔گزشتہ روز جاری اپنے بیان میں انہوں نے اس بات کی تعریف کی کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کام کرنے کے لیے یہ بہت بڑا پروجیکٹ ملک کی بڑھتی ہوئی فری لانس اکانومی کے لیے بے پناہ کشش کا حامل ہوگا، اس میں ایک ریسرچ سنٹر، ایک اچھی لائبریری، سافٹ ویئر ہاؤسز، کانفرنس رومز، فری لانسرز کے لیے جگہ دستیاب ہو گی۔ پارک میں جدید ترین آئی ٹی مصنوعات کی نمائش کیلئے بھی جگہ مختص کی جائے گی۔

احسن ظفر بختاوری نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف نوجوان انٹر پینور کے لیے کاروبار کے مواقع پیدا کرے گا بلکہ ملک کے لیے زرمبادلہ کمانے کا ایک بڑا ذریعہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اس قدر اہمیت کے حامل آئی ٹی پارک کی تعمیر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دیرینہ مطالبہ تھا اور تاجر برادری اس اقدام کا خیرمقدم کرتی ہے اور یقین دلاتی ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل اور کامیابی کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو پاکستان کی معیشت،انٹر پینور شپ کے فروغ اور ٹیکنالوجی کے میدان میں اصلاحات کیلئے اٹھائے گئے اس اہم ترین منصوبے کی پیش رفت بارے اعتماد میں لیا جائے گا۔

Comments are closed.